10 جولائی 2011
وقت اشاعت: 9:23
سندھ میں کمشنری نظام کا آرڈیننس جاری
اے آر وائی - کراچی : قائمقام گورنر سندھ نثارکھوڑو نے سندھ میں کشمنری نظام، انیس سو اناسی کے سندھ لوکل گورنمنٹ آرڈیننس اور اٹھارہ سو اکسٹھ کے پولیس ایکٹ بحال کرنے کا آرڈیننس جاری کردیا۔
قائم مقام گورنر نے تینوں آرڈیننسز پر دستخط کردئے ہیں، جس کے بعد پولیس کی آپریشن اور انویسٹی گیشن کے علیحدہ شعبوں میں تقسیم ختم ہوجائے گی۔ پولیس آرڈر دوہزاردو جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے عوام کی رائے لئے بغیر جاری کیا تھا جبکہ اس وقت کوئی سیاسی حکومت بھی نہیں تھی ۔
قائم مقام گورنر نثار احمد کھوڑو نے پرویزمشرف حکومت کے لوکل گورنمنٹ آرڈیننس دوہزارایک کو منسوخ کرکے انیس سو اناسی کے سندھ لوکل گورنمنٹ آرڈیننس بحال کرنے کی بھی منظوری دی۔ ساتھ ہی کمشنری نظام کی بحالی کے قانون کی بھی منظوری دیدی گئی ہے۔ قائم مقام گورنر نے اس ضمن میں لینڈ ریونیو ایکٹ انیس سو سڑسٹھ میں ترمیم کے آرڈیننس کی منظوری دی، جس کے بعد صوبے بھر میں کمشنری نظام بحال ہوگیا ہے۔