10 جولائی 2011
وقت اشاعت: 9:23
الطاف حسین کا کامیاب یوم سوگ پرکراچی کے شہریوں کو خراج تحسین
اے آر وائی - کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کراچی میں دہشت گردی کیخلاف کامیاب یوم سوگ پر پوری قوم خصوصاً کراچی کے شہریوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔
ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ارکان سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے الطاف حسین نے یوم سوگ میں تعاون پر کاروباری وتجارتی انجمنوں، دکانداروں اورٹرانسپورٹ برادری سے بھی دلی تشکر کا اظہار کیا ۔انہوں نے مخیر حضرات کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے متاثرہ علاقوں میں غذائی اجناس فراہم کیں۔الطاف حسین نے دہشتگردوں کیخلاف کارروائی پر افواج پاکستان اور حساس اداروں کے سربراہان اور اہلکاروں سے دلی تشکرکااظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ کٹی پہاڑی سمیت دہشت گردوں کے اڈوں پر جاکر کارروائی کرنے پر پاکستان رینجرز کے افسران اور جوانوں کو سلیوٹ پیش کرتے ہیں۔الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کے ارکان کو ہدایت کی کہ وہ حکومت کی جانب سے کمشنری نظام کے نفاذ پر ہنگامی اجلاس کرکے آئندہ کا لائحہ عمل بنائیں ۔ انہوں نے مزید کہاکہ وہ بہت جلد پاکستان بھر کے کارکنان کے اجلاس سے خطاب کرکے کمشنری نظام کے نفاذ کے بارے میں ایم کیوایم کے موقف سے پوری قوم کو آگاہ کریں گے۔