10 جولائی 2011
وقت اشاعت: 9:24
کمشنری نظام حکومتی راج قائم کرنےکی کوشش ہے،الطاف حسین
اے آر وائی - لندن : ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ جس طرح برطانیہ نے اپناراج قائم کرنے کیلئے کمشنری نظام قائم کیاتھا موجودہ حکومت نے بھی اپناراج قائم کرنے کیلئے برطانوی راج کے کمشنری نظام کوبحال کردیاہے۔ وزیراعظم آزادکشمیر سردار عتیق کےساتھ ٹیلی فون پر گفتگو میں الطاف حسین نے کہا کہ موجودہ دورحکومت جمہوری نہیں ،بلکہ آمرانہ جمہوری نظام ہے ۔اور ضرورت اس بات کی ہے کہ ملک کی تمام جماعتوں کو ملک کواس آمرانہ نظام سے بچانے کے ایک نکاتی ایجنڈے پر متفق ہوجانا چاہیے۔
الطاف حسین نے سردارعتیق کو اورنگی ٹاوٴن اور قصبہ کالونی کے دیگر علاقوں پر پہاڑیوں سے دہشت گردوں کی فائرنگ ، گھروں پرحملوں،لوٹ مار، معصوم وبے گناہ افرادکی ہلاکتوں اورزیادتیوں کے واقعات سے آگاہ کیا۔ سردارعتیق نے کراچی میں معصوم شہریوں کے قتل کے واقعات پر الطاف حسین سے دلی ہمدردی کاا ظہارکیا۔ سردارعتیق نے کشمیرالیکشن میں ایم کیو ایم پرڈالے جانے والے دباوٴکی بھی مذمت کی اورکہاکہ حکومت پاکستان نے آزادکشمیرکے حالیہ الیکشن میں حکومتی طاقت کااستعمال کر تے ہوئے جس بڑے پیمانے پر دھاندلی کی ہے اس نے پورے الیکشن کومشکوک کردیاہے۔
الطاف حسین اورسردارعتیق نے متفقہ طورپرمطالبہ کیاکہ حالیہ الیکشن کو منسوخ کرکے فوج کی نگرانی میں نئے سرے سے الیکشن کرائے جائیں،اس مقصدکیلئے نئے چیف الیکشن کمشنرکاتقررکیاجائے اورانتخابی فہرستوں میں کی گئی بے قاعدگیوں کودور کرنے کیلئے دوماہ کی مہلت مقررکی جائے۔