تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
10 جولائی 2011
وقت اشاعت: 17:47

کمشنری نظام سندھ توڑنے نہیں، بچانے کا نسخہ ہے، پیرمظہرالحق

اے آر وائی - کراچی : پیپلز پارٹی کے رہنما اور سینیئر وزیر پیر مظہرالحق کا کہنا ہے کہ کشمنری نظام سندھ توڑنے نہیں بلکہ سندھ کو بچانے کا نسخہ ہے۔ ایم کیو ایم نے علیحدگی کا فیصلہ کیا ہے تو ہماری بھی کوئی مجبوری نہیں۔ گزشتہ تین سالوں سے ایم کیو ایم کو منا منا کر بیزار ہوگئے تھے۔



جماعت اسلامی کے مرکز ادارہ نور حق میں پیپلزپارٹی کے وفد نے جماعت اسلامی کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔ جماعت اسلامی کی جانب سے محمد حسین محنتی برجیس احمد و دیگر نے پیپلزپارٹی کے وفد سے آدھے گھنٹے سے زائد بند کمرے میں ملاقات کی جس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پیر مظہر الحق کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم والے بار بار کہتے تھے کہ ہم چلے جائینگے۔ ہمارا بھی یہی کہنا تھا کہ ایک دن ایسا نہ آئے کہ آپ چلے جائیں اور پھر ہماری جانب سے منایا نہ جائے۔



پیر مظہر الحق کا کہنا تھا کہ سندھ اسمبلی میں عددی اکثریت تھی جس کے باوجود ایم کیو ایم کو ساتھ لے کر چلے ،وجہ مفاہمتی پالیسی کے تحت تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لیکر چلنا تھی۔ پیر مظہر الحق کا کہنا تھا کہ جمہوریت میں ڈائیلاگ کی بہت اہمیت ہوتی ہے یہی وجہ ہے کہ کمشنری نظام پر اتحادیوں اور دیگر سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میڈیا اور محمد حسین محنتی سفارش کریں تو نعمت اللہ خان کو گورنر سندھ بنانے کیلئے سوچا جاسکتا ہے۔



جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم سے علیحدگی کے بعد پیپلزپارٹی کو امن و امان کے حوالے سے ایسے فیصلے کرنے چاہئیں جو عوام کے بہتر مفاد میں ہوں۔ جماعت اسلامی شہر کراچی سے ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کا خاتمہ چاہتی ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.