12 جولائی 2011
وقت اشاعت: 10:20
شہباز شریف پٹواریوں کوکنٹرول نہیں کرسکتےتوحکومت چھوڑدیں
اے آر وائی - لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے شہری کی پٹواری کے خلاف درخواست کی سماعت کرتے ہوئے لاہور کے نائب تحصیلداروں اور پٹواریوں کی جائیداد کا ریکارڈ طلب کرلیا۔ درخواست گزار خالد سعید کے وکیل نے عدالت میں بیان دیا کہ عدالتی احکامات کے باوجود تاحال درخواست گزار کو فرد ملکیت جاری نہیں کی گئی۔
عدالت نے ڈی سی او لاہوراحد چیمہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے قرار دیا کہ تمام حالات کی ذمہ داری ان پر عائد ہوتی ہے، فرد جاری کرنے کے لئے پٹواری 15، 15 لاکھ روپے رشوت طلب کرتے ہیں اور اگر رشوت نہ دی جائے تو ریکارڈ تبدیل کردیتے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب اگر پٹواریوں کو کنٹرول نہیں کرسکتے تو حکومت چھوڑ دیں۔
کیس کی مزید سماعت 12 اگست تک ملتوی کرتے ہوئے ڈی سی او کو ہدایت کی گئی کہ لاہور کے تمام نائب تحصیلداروں اور پٹواریوں کی جائیداد کی تفصیلات عدالت میں پیش کی جائیں جبکہ چیف جسٹس نے ڈی سی او کو حکم دیا کہ محکمہ کے راشی افسران اور پٹواریوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔