12 جولائی 2011
وقت اشاعت: 17:4
حکومت اداروں کے خلاف ساز ش کر رہی ہے ، الطاف حسین
اے آر وائی - لندن : متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ،سپر پاور امریکہ کے ساتھ ملکر مسلح افواج اور آئی ایس آئی سمیت قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف بھی سازش کررہی ہے۔
لندن اور کراچی کی رابطہ کمیٹی کے مشترکہ اجلاس سے ٹیلی فون پرگفتگو کرتے ہو ئے الطاف حسین نے ایم کیوایم کے ذمہ داران سے پاکستان کی سلامتی و بقاء، قومی غیرت وحمیت، خود مختاری اور قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف سازش ، امریکہ کی جانب سے پاکستان پر دباو اوراس سلسلہ میں موجودہ حکومت کے افسوسناک سازشی رویئے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ حکومت سیاسی مخالفین اور ایم کیوایم کے خلاف گھناونا کھیل کھیل رہی ہے جبکہ سچ یہ ہے کہ ا یم کیوایم ،پیپلزپارٹی کی حکومت کے ہر کڑے اور مشکل وقت کی سب سے بڑی مضبوط ، حلیف ، معاون و مدد گارجماعت ثابت ہوئی لیکن موجودہ حکومت نے اپنی حلیف جماعت متحدہ قومی موومنٹ کی پیٹھ میں جس طرح خنجر گھونپا ہے اس حقیقت سے پاکستان کے عوام اورعالمی برادری بخوبی واقف ہے۔
الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کے مشترکہ اجلاس کے توسط سے پاکستان بھر کے دانشوروں ، تجزیہ نگاروں ، اینکر پرسنز ، کالم نگاروں ، سیاسی تجزیہ نگاروں ، دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو بالخصوص اور پاکستان کے محب وطن عوام کو بالعموم مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت صرف عوام دشمن اقدامات ہی نہیں کررہی ہے اورصرف اپنے حلیفوں خصوصاً ایم کیوایم کے خلاف غاصبانہ ، ظالمانہ ، غیر قانونی ہتھکنڈے ہی استعمال نہیں کررہی ہے بلکہ سپر پاور امریکا کے ساتھ ملکر مسلح افواج اور آئی ایس آئی سمیت قومی سلامتی کے دیگر اداروں کے خلاف بھی سازش کررہی ہے۔