15 جولائی 2011
وقت اشاعت: 8:52
سندھ اسمبلی: 3 بل منظور،ایم کیوایم کااحتجاج
اے آر وائی - کراچی: سندھ اسمبلی کے ہنگامہ خیز اجلاس میں پولیس ایکٹ اٹھارہ سو اکسٹھ کی بحالی ،کمشنری نظام اورلینڈ ریونیو ترمیمی آرڈیننس کےبلوں کی منظوری دیدی گئی۔اس موقع پر متحدہ قومی موومنٹ کے ارکان اسمبلی نے شدید احتجاج کیا، شیم شیم کے نعرے لگائے اور بلوں کی کاپیاں قائم مقام اسپیکر پر اچھال دیں۔ایم کیو ایم کے ارکان نے اپوزیشن نشستوں کا مطالبہ کیا۔
تینوں بلز صوبائی وزیر قانون ایاز سومرو نے پیش کئے ۔پیپلزپارٹی کے ارکان نے بلوں کی منظوری پر ڈیسک بجائے، جبکہ ایم کیو ایم کے ارکان مسلسل اجلا س کی صدارت کرنے والی قائم مقام اسپیکر شہلا رضا کے ڈائس کےسامنے کھڑے رہے، انھوں نے نعرے لگائے اور بل کی مخالفت کے ساتھ اپوزیشن نشستیں الاٹ کرنے کا مطالبہ کرتے رہے۔
ایم کیوایم کے رہنما فیصل سبزواری نے قائم مقام اسپیکر شہلا رضا سے مطالبہ کیاکہ انہیں اپوزیشن نشتیں الاٹ کی جائیں۔ استعفے منظور کئے جائیں ۔ ۔شہلارضاکاکہناہےکہ ابھی استعفی منظورنہیں کئے گئے ۔ اپوزیشن نشستیں الاٹ نہیں کی جاسکتی ہیں ۔بلو کی منظوری کے بعد ہنگامہ خیز اجلاس بائیس جولائی تک ملتو ی کردیاگیا۔