15 جولائی 2011
وقت اشاعت: 8:52
صوبائی خودمختاری کا وعدہ پورا کردیا،وزیراعظم
اے آر وائی - کوئٹہ : وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے صوبائی خودمختاری کا وعدہ پورا کردیا، اب ہر صوبے کے عوام اپنے فیصلے خود کریں گے۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اکبر بگٹی قتل کی تحقیقات کےلئے سپریم کورٹ کے جج کی سربراہی میں کمیشن بنانے کا فیصلہ کیاگیا جو ایک ہفتے کے اندر قائم کیا جائے گا۔
کوئٹہ میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آج کابینہ کا اجلاس آغاز حقوق بلوچستان پر پیشرفت کے جائزے کے یک نکاتی ایجنڈے پر مشتمل تھا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کے ساتھ تعلق باہمی عزت و احترام کی بنیاد پر ہے۔ لاپتہ افراد کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اجلاس میں اس اہم موضوع پر بھی بات ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں کسی کو نوکری سے نہیں نکالا جائے گا۔ وزیراعظم نے ایم کیو ایم پی پی تعلقات کے حوالے سے کہا کہ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کا اتحاد تین برسوں سے زیادہ عرصے تک چلا ۔ دونوں جماعتوں کا اپنا اپنا منشور ہے۔ ایم کیو ایم کے خدشات دور کرنے کی کوشش کی جائے گا۔