19 جولائی 2011
وقت اشاعت: 8:9
ذوالفقارمرزا نے اپنے بیان پر معافی مانگ لی
اے آر وائی - کراچی : محکمہ اطلاعات سندھ کے اعلامیے کے مطابق سینئر صوبائی وزیر ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے اپنے گزشتہ روز کےبیان پر معذرت کرلی ہے، اور کہا ہے کہ انکا بیان ذاتی حیثیت میں تھا جس کامقصد کسی کی دل آزاری نہیں تھا۔
محکمہ اطلاعات حکومت سندھ کی جانب سے ایک بیان بغیرلیڈرہیڈ کے جاری کیاگیا ، جس کے مطابق ذوالفقارمرزا نےکہا کہ گزشتہ روز ان کی جانب سے دیے گئے ان کے بیان سے اگر کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو وہ تہہ دل سے معذرت خواہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اردو بولنے والے ہمارے بھائی تھے ،ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔ قیام پاکستان کیلئے انہوں نے بھی قربانیاں دی ہیں جبکہ ہجرت کر کے پاکستان اور بالخصوص سندھ میں آباد ہونیوالوں کو ہمارے بڑوں نے سینے سے لگایا اور تب سے ہی باہم مل کر ایک ہی خاندان کی طرح سے رہ رہے ہیں۔ ڈاکٹر ذوالفقار مرزانےوضاحت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ بیان میں انہوں نے اس خاص سوچ کی جانب نشاندہی کی تھی جو صوبہ سندھ میں معصوم اور بےگناہ لوگوں کوموت کی بھینٹ چڑھا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بقا اسی میں ہے کہ آپس کی رنجشوں کو بھلا کر مفاہمت کی راہ اختیار کی جائے اور اپنی صفوں میں موجود انسانیت دشمن اور ملک دشمن عناصر کا خاتمہ کیا جائے۔