19 جولائی 2011
وقت اشاعت: 8:10
کالعدم تنظیم کے رہنما ملک اسحاق ضمانت پر رہا
اے آر وائی - لاہور : سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملہ، اور دہشتگردی کی متعدد وارداتوں کے الزام میں گرفتار کالعدم تنظیم کے رہنما ملک اسحاق کو کوٹ لکھپت جیل سے ضمانت پر رہا کردیا گیا۔
ملک اسحاق جونہی جیل سے باہر نکلے مسلح گارڈز نے اہیں گھیرے میں لے لیا۔ اور ان کے قریب آنے والے کارکنوں کو بھی دور رکھا۔ اس موقع پر کالعدم تنظیم کے کارکن بھی موجود تھے۔ جو ہاتھوں میں مٹھائی لئے کھڑے تھے۔ کالعدم تنظیم کے سربراہ احمد لدھیانوی رہا ہونے والے ملک اسحاق کو لینے کے لئے خود کوٹ لکھپت جیل پہنچے۔ ملک اسحاق کو انیس سو ستانوے میں دہشتگردی کے الزام میں فیصل آباد سے گرفتار کرکے سنٹرل جیل ملتان بھجوادیا گیا۔
ملک اسحاق پر ستر افراد کے قتل کے الزام میں 44 کسیز درج ہوئے تاہم کسی کیس میں بھی ان پر جرم ثابت نہ ہوسکا۔ وہ گزشتہ چودہ سال سے جیل میں ہیں۔ تین مارچ دوہزار نو کو ہونے والے سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملہ کے ایک ملزم زبیر میتلا نے ملک اسحاق کے خلاف بیان دیا کہ وہ اس کارروائی کے ماسٹر مائنڈ ہیں۔ ملک اسحاق پر چودھری برادران کے بہنوئی ایس ایس پی گوجرانولہ اشرف مارتھ اور ڈی ایس پی طارق کمبوہ کے قتل کے بھی الزامات عائد ہوئے۔