19 جولائی 2011
وقت اشاعت: 8:10
چوہدری شجاعت کی قائمقام گورنر سندھ نثار کھوڑو سے ملاقات
اے آر وائی - کراچی : پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے آج شام گورنر ہاؤس میں قائم مقام گورنر سندھ نثاراحمد کھوڑو سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وفاقی وزراء سردار غوث بخش مہر اور چوہدری وجاہت حسین بھی موجود تھے۔
ملاقات میں جاری صورتحال ملک میں صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں مفاہمتی عمل سمیت اہمیت کے حامل مختلف امور پر بات چیت ہوئی ۔ قائم مقام گورنر نثاراحمد کھوڑو نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز کے پیش نظر اس وقت مفاہمتی کوششوں کو مستحکم کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے استحکام ملک کی ترقی اور عوام کی فلاح وبہبود کیلئے تمام جماعتوں کو ملک کے عظیم ترمفاد کیلئے کوششوں کو اولیت دینا ہوگی۔