19 جولائی 2011
وقت اشاعت: 8:10
افغان علاقے کنٹر ، نورستان پاکستانی طالبان کا گڑھ بن گئے ہیں
اے آر وائی - راولپنڈی : پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل اطہر عباس نے کہا ہے کہ افغان علاقے کنٹر اور نورستان پاکستانی طالبان کے گڑھ بن چکے ہیں اور یہاں فضل اللہ، فقیر محمد، عبدالولی اور حکیم اللہ کے محفوظ ٹھکانے ہیں اور یہ گروہ سرحد پار کر کے پاکستانی علاقوں میں کارروائیاں کر رہے ہیں۔
برطانوی میڈیا سے بات چیت میں ان کا کہنا تھا کہ ان علاقوں سے جب نیٹو اور افغان فوجی اپنے پوسٹیں چھوڑ کر جا رہے تھے تو اس وقت پاکستانی فوج نے انھیں اپنے خدشات سے آگاہ کیا تھا جو اب درست ثابت ہو رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یکم جون کو کنڑسے سرحد پار کر کے انے والے دہشت گردوں نے لیویز اور پولیس کی مشترکہ چیک پوسٹ پر حملہ تیس سیکورٹی اہلکاروں کو شہید کردیا تھا ۔
میجر جنرل اطہر عباس نے کہا کہ پاکستان کی فوج کنڑ میں کارروائی تو نہیں کر سکتی لیکن پشاور میں ایک جوائنٹ کمیشن بنایا گیا ہے اور تمام حقائق اس کے سامنے رکھ دیئے گئے ہیں۔ یہ کمیشن ہی فیصلہ کرے گا کہ ان عناصر کے خلاف کیا کارروائی کی جائے۔