19 جولائی 2011
وقت اشاعت: 8:10
پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان بیک ڈور مذاکرات
اے آر وائی - کراچی : پاکستان پیپلز پارٹی اور متحدہ کے درمیان دوریاں کم ہونا شروع ہوگئی ہیں۔ذرائع کے مطابق متحدہ اور پیپلز پارٹی کے درمیان بات چیت کا آغاز دو مختلف ذرائع سے ہوگیا ہے۔ایک ذریعہ رحمان ملک ہیں جنہوں نے اسلام آباد سے لندن رابطہ رکھا جبکہ دوسرا ذریعہ چوہدری شجاعت حسین ہیں جو کراچی کی یاترا میں نائن زیرو کو ٹھنڈا کرنے میں کسی حد تک کامیاب ہوگئے۔
بیک ڈور ڈپلومیسی میں طے پایا ہے کہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کو دوبارہ رضصت پر بھیج دیا جائےگا ۔ متحدہ حکومت میں واپس نہیں آئے گی تاہم گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد چھٹیاں ختم کرکے وطن واپسآ رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق گورنر سندھ کی متوقع واپسی کے پیش نظر ہی وزیرقانون سندھ ایاز سومرو نے قائم مقام گورنر سے سندھ اسمبلی کے منظور کردہ بلز پر فوری طور پر دستخط کرالئے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ متحدہ کے قائد الطاف حسین نے عوام سے اپیل بھی بیک ڈور مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد کی اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کو مختلف علاقوں میں ایم کیو ایم مخالف مظاہروں کو روکنے کا حکم دیا گیا۔ ذوالفقار مرزا کی اسلام آباد طلبی بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔