19 جولائی 2011
وقت اشاعت: 8:10
نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے پاکستان اسپیس پروگرام کی منظوری دیدی
اے آر وائی - اسلام آباد : نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے پاکستان اسپیس پروگرام دوہزارچالیس اور نیوکلیئرپاور پروگرام دوہزارپچاس کی منظوری دیدی جبکہ نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے بطور ذمہ دار ایٹمی ریاست کم از کم موثر دفاعی صلاحیت برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
راولپنڈی میں وزیراعظم گیلانی کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں علاقائی اور بین الاقوامی سکیورٹی صورتحال اور تبدیلیوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس نے ملکی اسٹریٹیجک پروگراموں اور تنصیبات کی سکیورٹی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اتھارٹی نے اشتعال انگیزانہ پالیسیوں کو بین الاقوامی قوانین کے منافی اور غیر متوازن قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ ان پالیسیوں سے جنوبی ایشیاء میں ایٹمی عدم پھیلاؤ کی کوششیں متاثر ہوں گی اور طاقت کا توازن متاثر ہوگا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان خطے میں طاقت کا توازن برقرار رکھنے کے لئے اقدامات جاری رکھے گا ، اتھارٹی نے پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دنیا کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کرنے کی بامقصد کوششیں جاری رکھی جائیں گی ،پاکستان اس سلسلے میں ایکسپورٹ کنٹرول کے چاروں معاہدوں کا حصہ بننے کا خواہاں ہے۔