19 جولائی 2011
وقت اشاعت: 8:13
پیپلزپارٹی کے وفد کی پیرپگارا سے ملاقات، شکریہ ادا کیا
اے آر وائی - کراچی: پیپلزپارٹی کے وفد نے کراچی میں پیرپگارہ سے ملاقات کرکے حکومت میں شمولیت پر صدر آصف زرداری کی طرف سے شکریہ ادا کیا.
سندھ اسمبلی میں پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر پیرمظہرالحق کی قیادت میں تاج حیدر، راشد ربانی اور دیگر نے حروں کے فنکشنل لیگ کے سربراہ پیرپگارہ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیر مظہرالحق نے کہا کہ ماضی کی غلطیوں کو بھلا کر آگے بڑھنا چاہیئے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ذوالفقارمرزا نے اپنے بیان پر معذرت کرلی ہے وہ اس کا ظرف تھا لیکن دوسری جانب بھی جو الفاظ استعمال کئے گئے، متحدہ قومی موومنٹ کی قیادت اس پر نظر رکھے۔
فیصل سبزواری نے صدر آصف زرداری کیلئے جو الفاظ استعمال کئے وہ انہیں زیب نہیں دیتے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ ہم سب کی ماں ہے کوئی بھی بیٹا ماں کی تقسیم نہیں چاہے گا۔ سندھ میں کوئی بھی مہاجر نہیں ہیں سب سندھی ہیں۔