19 جولائی 2011
وقت اشاعت: 8:14
ایم کیو ایم کے وزراء کے محکمے ق لیگ اور فنکشنل لیگ کے حوالے
اے آر وائی - کراچی : سندھ حکومت نے متحدہ قومی موومنٹ کے وزراء کے استعفے قبول کئے بغیر ان کے چھ وزراء کے محکمے مسلم لیگ ق اور مسلم لیگ فنکشنل کے وزراء کو سونپ دیئے ہیں جبکہ اٹھارہویں ترمیم کے برخلاف صوبے میں وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیروں کی تعداد آٹھ کردی گئی۔
محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈینشن کے کیبنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق مسلم لیگ فنکشنل کے جام مدد علی کو امور نوجوانان اور رفیق بھاں بھن کو اوقاف کا .محکمہ جبکہ مسلم لیگ ق کے شہریار مہر کو ماحولیات و متبادل توانائی اور محمد علی ملکانی کو سیاحت کا قلم دان دیدیا گیاہے۔ اسی طرح مسلم لیگ ق اور مسلم لیگ فنگشنل کے تین مشیروں کو بھی ایم کیو ایم کے وزراء کے استعفے قبول کئے بغیر انکے محکمے دیدیئے گئے ،جس میں مسلم لیگ فنکشنل کے امتیاز شیخ کو انفارمیشن ٹیکنالوجی ، مسلم لیگ ق کے اعجاز شاہ شیراز ی کو دیہی ترقی اور حلیم عادل شیخ کو کھیل کا محکمہ دیا گیا ہے ۔ محکمہ سیاحت کا قلم دان صوبائی وزیر قانون ایاز سومرو سے واپس لے کر انھیں صنعت و تجارت کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔ جبکہ آغاسراج درانی کو پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کا اضافی چارج دیدیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی ، دیہی ترقی ، کھیل ، امور نوجوان ، اوقاف اور ماحولیات و متبادل توانائی کے محکمے اس سے قبل متحدہ قومی موومنٹ کے وزراء کے پاس تھے ۔ کیبنٹ ڈویژن نے ان محکموں کو متحدہ قومی موومنٹ کے وزراء سے واپس لینے کا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا۔ اٹھارویں ترمیم کے تحت وزیراعلٰی کو پانچ مشیر رکھنے کی اجازت ہے۔ لیکن فنکشنل لیگ اور ق لیگ کے نئے مشیروں کی شمولیت سے مشیروں کی تعداد آٹھ ہوگئی ہے۔