19 جولائی 2011
وقت اشاعت: 8:14
اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسلا دھار بارش
اے آر وائی - اسلام آباد : راولپنڈی، اسلام آباد اور گردونواح میں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ۔محکمہ موسمیات نے کہاہےکہ آئندہ بارہ گھنٹوں کےد وران سرگودھا ، گوجرانوالہ اور فیصل آباد ڈویژن میں شدید بارش کا امکان ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ بارہ گھنٹوں کے دوران پنجاب میں گوجرانوالہ ، لاہور، ساہیوال ، سرگودھا ، فیصل آباد ، ملتان ، بہاولپور ڈویژن ، خیبرپختونخوا میں مالاکنڈ ،پشاور ، بنوں ، ہزارہ ، کوہاٹ ، ڈی آئی خان ڈویژن اور کشمیر میں اکثر مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے ۔جبکہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران گلگت بلتستان میں بھی چند ایک مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ایک دن کے بعد بارش کا سسٹم کمزور ہوجائیگا ۔جہلم اور راولپنڈی شہر میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا ہے ۔ دوسری جانب انتظامیہ کے مطابق نالہ لئی میں سیلاب کا خطرہ نہیں ہے تاہم علاقے کے لوگوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے ۔ محکمہ موسمیات سمیت تمام متعلقہ ادارے صورتحال کو مانیٹر کررہے ہیں ۔