19 جولائی 2011
وقت اشاعت: 8:25
عشرت العباد گورنر سندھ کا عہدہ سنبھال لیں ، الطاف حسین
اے آر وائی - کراچی : پاکستان پیپلزپارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کے بیک ڈور رابطے کامیاب ہو گئے اور متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ڈاکٹر عشرت العباد خان کو دوبارہ گورنر سندھ کا عہدہ سنبھالنے کی ہدایت کر دی ہے ۔
ڈاکٹر عشرت العباد خان کے ترجمان کے مطابق صدر آصف علی زرداری اور پیپلزپارٹی کی دیگر قیادت کے الطاف حسین سے روابط کے بعد الطاف حسین نے ڈاکٹر عشرت العباد خان کو ہدایت کی ہے کہ وہ گورنر سندھ کا منصب دوبارہ سنبھال لیں ۔ عشرت العباد آج رات وطن واپس آ جائیں گے اور گورنر کا عہدہ سنبھال لیں گے ۔
اس حوالے سے ایم کیو ایم کے رہنما رضا ہارون نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عشرت العباد خان ملک کے وسیع تر مفاد میں دوبارہ گورنر کے عہدے پر تعینات ہو رہے ہیں ، عوامی حلقوں کی جانب سے بار بار اپیل کی گئی کہ عشرت العباد کی جانب سے استعفیٰ پیش کیے جانے کے بعد ایک بڑا خلا پیدا ہو گیا ہے جسے پر کرنے کے لئے انہیں واپس اسی عہدے پر تعینات کیا جائے ۔
حکومت میں واپسی سے متعلق جواب پر رضا ہارون کا کہنا تھا کہ گورنر کا عہدہ غیر سیاسی ہوتا ہے اور کراچی میں امن و امان کی صورتحال کے لئے کی گئی ان کی کاوشوں کی بدولت عشرت العباد عہدہ واپس لے رہے ہیں ، ایم کیو ایم کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اپوزیشن میں اور مثبت اور جمہوری کردار ادا کرتے رہیں گے ۔