19 جولائی 2011
وقت اشاعت: 8:27
ڈرون حملے:سابق سی آئی اےافسر کیخلاف ایف آئی آر کیلئے درخواست
اے آر وائی - اسلام آباد : پاکستان میں ڈرون حملوں کے احکامات جاری کرنے والے سی آئی اے کے سابق افسر جان اے ریزو کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کیلئے تھانہ سیکرٹریٹ میں درخواست وصول کرلی گئی ہے۔
درخواست جنوبی وزیرستان کے تین رہائشیوں صدااللہ ،کریم خان اور میزول خان کی جانب سے انکے وکیل مرزا شہزاد اکبر نے دی ہے۔ درخواست میں سی آئی اے کے سابق جنرل کونسل جان اے ریزو کو پاکستان میں ڈرون حملوں کے احکامات جاری کرنے اور ان حملوں کے نتیجے میں معصوم شہریوں کے قتل کا ذمہ دار قراردیا گیا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ جان اے ریزو نے انٹرنیشنل میگزین نیوز ویک کو دیئے گئے انٹرویو میں پاکستان میں ڈرون حملے کروانے کا اعتراف کیا ہے اور وہ پاکستانی عدالتوں کے دائرہ اختیار میں آتاہے۔ درخواست میں ایف آئی آر کے اندراج سمیت جان اے ریزوکے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کیلئے انٹرپول سے رابطہ کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔