19 جولائی 2011
وقت اشاعت: 18:34
اخبار مالکان کو ویج بورڈایوارڈ نافذ کردیناچاہئے،چیف جسٹس
اے آر وائی - اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا ہے کہ اخباری مالکان کو ساتواں ویج بورڈ نافذ کردینا چاہئے۔ یہ ریمارکس انہوں نے ساتویں ویج بورڈ ایوارڈ کیخلاف اخباری مالکان کی اپیلوں کی مختصر سماعت کے دوران دئے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ اب تک تو آٹھواں ویج ایوارڈ بھی آجانا چاہیے تھا۔ چیف جسٹس نے مالکان کے وکیل عبدالحفیظ پیرزادہ سے کہا کہ وہ مالکان کو ویج ایوارڈ کے نفاذ کے لئے قائل کریں۔ عبدالحفیظ پیرزادہ نے جواب میں کہا کہ اگر عدالت حکم دے گی تو نافذ کر دیا جائے گا۔
چیف جسٹس کا کہنا تھا کارکن کسی بھی ادارے کی ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں، کارکنوں کو مطمئن کئے بغیر ادارے نہیں چلائے جاسکتے۔ عدالت نے اٹارنی جنرل اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔ سماعت بیس ستمبر تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔