تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
27 جولائی 2011
وقت اشاعت: 14:15

اصولوں کی سیاست پر تنہائی کا طعنہ قابل فخر ہے ، نواز شریف

اے آر وائی - اسلام آباد : مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ اصولوں کی سیاست پر انہیں سیاسی تنہائی کا طعنہ دیا جا رہا ہے جس پر انہیں فخر ہے ، لوٹ مار اور عدلیہ کے فیصلے کی بے حرمتی پر خاموش نہیں بیٹھ سکتے ۔



اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کی صدارت سنبھالنے کے بعد نواز شریف نے کہا کہ سپریم کورٹ کو آنکھیں دیکھائی جا رہی ہیں ، عدلیہ کے فیصلوں پر عمل نہیں ہو رہا ،عدالت عظمیٰ جسے بحال کرنے کا حکم دیتی ہے حکومت اسے برطرف کر دیتی ہے، بدامنی کا راج ہے ، ملکی خود مختاری پر حملے ہو رہے ہیں ، زلزلہ زدگان کی امداد کو عیاشیوں کی نظر ہو رہی ہے ، ملک کو دنیا دہشت گردی کی نظر سے پہچانتی ہے ، حکمرانوں کی بد عنوانیوں کی وجہ سے جمہوریت بدنام ہو رہی ہے ،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دینے کے باوجود آج ہم عالمی کٹہرے میں کھڑے ہیں ، ملک دنیا میں تنہا ہوتا جا رہا ہے۔



نواز شریف نے کہا کہ ان مسائل کو حل کرنے کا موجودہ حکومت کے پاس کوئی نسخہ نہیں ، وہ مفاہمت کے نام پر منافقت کے فروغ میں مصروف ہے ، کسی کو بلیک میل کر کے ،کسی کو ڈرا دھمکا کر تو کسی کو لالچ دے کر مفاہمت کی پالیسی چلائی جا رہی ہے ،چند لوگ اپنی جیبیں بھرنے کے لئے ملک کو تباہ کر رہے ہیں لیکن ہم عوامی طاقت سے ایسا نہیں ہونے دیں گے ،عوام کی طاقت بندوق کی طاقت سے زیادہ ہوتی ہے ۔



انہوں نے کہا کہ جس آمر نے جمہوریت پر شب خون مارا ، فوج کی آبروکو نقصان پہنچایا ، لال مسجد کو خون میں نہلایا ، عدلیہ کی معزز ججوں کو گرفتار کیا اسے گارڈ آف آنر پیش کر کے ملک سے رخصت کیا گیا ، پی سی او ججوں نے انہیں اور شہباز شریف کو نا اہل قرار دیا ، ہم نے حکومت میں شمولیت کے لئے مثیاق جمہوریت اور ججوں کی بحالی سے مشروط کیا تھا تاہم جب ایسا نہیں ہوا تو ہم نے حکومت سے علیحدگی اختیار کر لی ، جان ہتھیلی پر رکھ کر ججوں کی بحالی کے لئے تحریک شروع کی ، اس وقت اگر چاہتے تو سیاسی فوائد حاصل کر سکتے تھے لیکن ایسا نہیں کیا گیا کیونکہ یہ تحریک صرف ججوں کی بحالی کے لئے تھی ۔



نواز شریف نے کہا کہ ننانوے میں کسی نے خود کش حملوں اور لوڈ شیڈنگ کا نام تک نہیں سنا تھا ،کراچی میں صورتحال بہتر تھی، بلوچستان کے حالات آج سے بہت اچھے تھے ، ملک میں کوئی علیحدگی کی تحریک نہیں تھی ، جنوبی ایشیا میں پہلی مرتبہ ایسی معاشی اصلاحات کی گئیں کہ اگر انہیں چلنے دیا جاتا تو آج واقعی ہم ایشین ٹائیگر ہوتے تاہم بارہ سال بعد آگے جانے کے بعد ہم پیچھے چلے گئے ۔مسائل ہمارے دور حکومت میں بھی تھے مگر ہم کشکول لے کر نہیں پھر رہے تھے ۔



انہوں نے کہا کہ اس وقت سب سے بڑا چیلنج معاشی ہے جسے حل کرنے کے لئے ہمارے پاس ایجنڈا ہے اور تمام اجزاءموجود ہیں ، سرمایہ کاری کے لئے ساز گار ماحول ، بیڈ گورنس کا خاتمہ، قانون کی حکمرانی بنیادی ضرورتیں ہیں ، ہمارے پاس اقتصادی ماہرین کی وہ ٹیم اور پروگرام ہے جو کسی اور کے پاس نہیں ،صرف ٹیکسوں اور بدعنوانی کی روک تھام کی مد میں15 سو ارب روپے بچائے جاسکتے ہیں تاہم موجودہ حکومت کیری لوگر بل سے صرف 120 ارب کے لئے ہاتھ پھیلا رہی ہے ، ہماری معاشی پالیسی کے نتائج پہلے تین ماہ میں نظر آئیں گے۔



نواز شریف نے کہا کہ فوجی بغاوتوں نے سب سے زیادہ فوج کو نقصان پہنچایا ہے اور ایک اہم مضبوط فوج ہماری ضرورت اور سرمایہ ہے ، ان کی تمام ضروریات پوری کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ، توانائی کے بحران کیلئے بھی منصوبہ بندی کر رکھی ہے ، بجلی کے واجبات کی وصولی ، متبادل ذرائع استعمال کرنے کے ساتھ پرنئے ڈیم بنانے جائیں گے ۔کے ای ایس سی کے معاملے پر حکومتی مداخلت سے حالات مزید خراب ہو رہے ہیں ۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.