28 جولائی 2011
وقت اشاعت: 14:58
مسئلہ کشمیر میں کشمیری اہم فریق ہیں ، حناربانی کھر
اے آر وائی - لاہور : وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ دورہ بھارت کے دوران کشمیری قیادت سے ملاقات پر بھارتی حکومت نے سخت تحفظات کا اظہار کیا تاہم انہیں پاکستان کے موقف سے آگاہ کر دیا گیا کہ مسئلہ کشمیر کے حل میں کشمیری اہم فریق ہیں ۔
وزیر خارجہ نے کہا بتایا کہ دورہ بھارت میں کشمیر ، تجارت ، سفری سہولیات اور پانی کے مسائل سمیت تمام مسائل پر بات چیت کی گئی، اس میں کوئی شک نہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان بہت سے حل طلب مسائل ہیں اورسب پر علیحدہ علیحدہ مذاکرات کی ضرورت ہے جس پر دونوں ممالک تیار ہیں ، سندھ طاس معاہدے کے تحت پانی کی تقسیم ہونی چاہیے ۔بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ بھارت کشمیر سمیت تمام مسائل بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے ۔
حنا ربانی کھر کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ بات چیت کا عمل جاری رہنا چاہیے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات معمول پر آنا پاکستان کے مفاد میں بھی ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ موجودہ مذاکرات میں بھارت اپنے کسی موقف سے پیچھے نہیں ہٹا اور دونوں ممالک اپنے مطالبات پر قائم رہے تاہم اگر بات چیت جاری رہی تو بہت سے مسائل حل ہو سکتے ہیں ۔