1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:37
مستونگ دھماکا:اسلم رئیسانی کے بھتیجے سمیت 2جاں بحق
اے آر وائی - مستونگ : مستونگ میں فٹ بال میچ کے انعامات کی تقسیم کی تقریب کے دوران دھماکے میں وزیر اعلیٰ بلوچستان کے بھتیجے سمیت دو افراد جاں بحق اور 30سے زائد زخمی ہو گئے ، زخمیوں میں اکثریت بچوں کی ہے ۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق جشن آزادی کے سلسلے میں مستونگ میں ہونے والے فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل کے بعد انعامات تقسیم کیے جا رہے تھے کہ اچانک ایک زور دار دھماکا ہوا جس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان اسلم رئیسانی کے چھوٹے بھائی سراج رئیسانی کے صاجزادے میر اکمل رئیسانی سمیت 30 سے زائد افراد زخمی ہو گئے ۔ دھماکے کے بعد شدید فائرنگ بھی کی گئی ۔
واقعہ کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں اور زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا جہاں میر اکمل رئیسانی اور ایک اور شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے ۔ عینی شائدین کے مطابق تقریب کے بعد اچانک کوئی چیز اوپر سے آتی دیکھائی دی جو نیچے گرنے سے زور دار دھماکا ہوا تاہم فوری طور پر دھماکے کی نوعیت کا علم نہیں ہو سکا ۔