1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:40
رمضان میں ہر ہفتہ پارلیمنٹ کے سامنے دھرنا دیں گے،عمران خان
اے آر وائی - لاہور: تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے سپریم کورٹ سے اظہار یک جہتی کے لئے رمضان المبارک کے دوران ہر ہفتہ پارلیمنٹ کے سامنے احتجاجی دھرنا دینے کا اعلان کیا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا جرم یہ ہے کہ اس نے بڑے اور طاقتور لوگوں کے گریبانوں پر ہاتھ ڈالا، اس لئے اس کے اٹھارہ فیصلوں پر عمل نہیں کیا گیا، دھرنا بھی اس سلسلہ کی کڑی ہے۔ تحریک انصاف 14 اگست کو ورچوئل ریلی بھی نکالے گی ، پوری قوم کا فرض ہے کہ سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑی ہو۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن سپریم کورٹ کی حمایت کے نام پر عوام کو دھوکا دینا بند کرے، 1970 جیسے حالات پیدا ہوچکے ہیں، ملک میں دائیں اور بائیں بازو کی سیاست ختم ہوچکی، ایماندار اور کرپٹ ٹولہ آمنے سامنے ہے، ملکی سیاست پر مافیا کا قبضہ ہے،، خاندانی وراثت سمجھ کر ملکی وسائل کو لوٹا جارہا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ضمنی الیکشن جن لسٹوں پر ہوئے ان میں 45 فیصد ووٹ جعلی تھے، 2008 کا الیکشن لڑنے والے ملک کے غدار ہیں، پیش گوئی کرتے ہیں کہ تحریک انصاف صرف جیتے گی ہی نہیں کلین سویپ کرے گی۔