2 اگست 2011
وقت اشاعت: 6:3
بچوں کو موٹا ہونے سے روکنے کیلئے میٹھے سے دوررکھیں
اے آر وائی - کراچی : طبی ماہرین نے کہاہے کہ زیادہ میٹھی چیزیں کھانے والے بچے موٹاپے کا زیادہ شکار ہوتے ہیں۔ والدین بچوں کو میٹھی چیزیں مناسب مقدار میں دیکر موٹا ہونے سے روکنے میں اہم کردار کرسکتے ہیں۔
طبی ماہرین کے مطابق مغربی ممالک میں بچوں کا موٹاپا ایک سماجی مسئلہ بنتاجارہاہے۔جرمنی جیسے ملک میں تین سے پندرہ برس کی عمر والے پندرہ فیصدبچوں میں موٹاپے کا رجحان پایاجاتاہے۔بچے بے دھیانی میں بہت زیادہ میٹھے مشروبات اور چاکلیٹ کھاتے رہتے ہیں جس کی وجہ سے وہ موٹاپے کے شکار ہوجاتے ہیں۔
ماہرین کاکہناہے کہ والدین ان اشیاء کے استعمال میں بھی محتاط رہیں جن کے بارے میں عام طور پر یہ علم نہیں رہتا کہ اس میں کس قدر مٹھاس شامل کی گئی ہے۔ جیسا کہ کیچپ، ذائقے والی دہی وغیرہ۔
ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ بسکٹ، کیک اور چاکلیٹ کو بھی روز مرہ کھانے کی اشیاء نہ سمجھا جائے اور انہیں خصوصی تقریبات میں کبھی کبھار کھایا جائے تو کم عمری ہی میں موٹاپے کا راستہ روکا جاسکتا ہے۔