2 اگست 2011
وقت اشاعت: 15:40
سیاست میں کرپشن کاآغازنوازشریف نےکیا،راجہ ریاض کا الزام
اے آر وائی - لاہور : پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف راجہ ریاض نے الزام عائد کیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے سیاست میں کرپشن کا آغاز کیا ۔
پنجاب اسمبلی کیفے ٹیریا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے راجہ ریاض نے کہا کہ میاں نواز شریف ضیاالحق کے ساتھ مل کر سیاست شروع کی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ میاں نواز شریف علی بابا اور میاں شہباز شریف کرپشن کے چالیس چوروں میں شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف گرینڈ الائنس کی تشکیل، آزاد کشمیر کے انتخابات اور عدلیہ سے حکومتی تصادم میں ناکامی کے بعد اب پریشان ہیں ۔ راجہ ریاض نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے لئے اپوزیشن نے ریکوزیشن جمع کروائی ہے۔ تاکہ صوبے کے مسائل پر بات چیت کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ رمضان بازار کئی اضلاع میں ابھی تک کام نہیں کرسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کو صوبہ ملنا چاہیے، نام کا کوئی مسئلہ پیدا نہیں ہوگا۔