تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
3 اگست 2011
وقت اشاعت: 15:25

حکومت جرائم پیشہ عناصر کی پشت پناہی چھوڑ دے

اے آر وائی - کراچی : ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے بھارت کی قیادت سے سوال کیا ہے کہ کیا ان کا دل اتنا بڑا ہے کہ وہ پانچ کروڑ عوام کو قبول کرے ، رینجرز اور فوج کراچی میں آئے اور دیکھے کہ حالات کون خراب کر رہا ہے ، جھوٹے دانشور ، تجزیہ نگار اور صحافی نئی نسل کو جھوٹی تاریخ پڑھا رہے ہیں ، حکومت جرائم پیشہ عناصر کی پشت پناہی چھوڑ دے ۔



کراچی میں لال قلعہ گرائونڈ میں پارٹی عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ بے ضمیر دانشورکہہ رہے ہیں کہ کراچی کے حالات خراب کرنے میں تین بڑی جماعتوں کا ہاتھ ہے ایسے لوگ حقائق بیان کرنے کے بجائے لسانی فسادات کی سازش کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بھارت سے آنے والے مہاجرین تو پنجاب میں بھی آباد ہیں پھر وہاں ایسے فسادات کیوں نہیں ؟ ۔



الطاف حسین نے کہا کہ تقسیم کے بعد ہجرت کرنے والوں کی پانچویں نسل کو طعنے دیئے جا رہے ہیں،پاکستان کے لئے قربانیاں دینے والوں کو بھوکا ننگا کہا جا رہا ہے لیکن آج جو پاکستان کے وارث بن رہے ہیں وہ ہندو بنیے کے غلام تھے اور اگر ہمارے بزرگ قربانیاں نہ دیتے تو آج بھی وہ غیروں کے جوتے صاف کر رہے ہوتے ۔ انہوں نے کہا کہ مشرقی پنجاب میں گھر لوٹے گئے ، عورتوں کی عصمت دری کی گئی ، انہیں ہر دور میں تشدد کا نشانہ بنایا گیا ۔



انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم بننے سے پہلے بھی مہاجر بستوں پر حملے ہوتے تھے ، رینجرز اور فوج کراچی آئے اور دیکھے کہ حالات خراب کرنے میں کون ملوث ہے ۔ الطاف حسین نے کہا کہ وہ کسی قومیت کے خلاف نہیں بلکہ ملکی دولت لوٹنے والے جاگیرداروں کے خلاف ہیں ۔



الطاف حسین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ جرائم پیشہ اور لینڈ مافیا کی سرپرستی چھوڑ کر کراچی میں امن بحال کرائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ قصبہ میں چار دن تک قتل و غارت ہوتی رہی حکومت کہا ں تھی ، حکومت کا فرض ہے کہ قتل و غارگ گری ختم کرائے ۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم عدم تشدد کے فلسفے پر عمل پیرا ہے اور کارکنان پر امن رہیں ۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.