تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 اگست 2011
وقت اشاعت: 16:38

خطے سے امریکی انخلاء کے بعدپاک چین کرداراہم ہوگا، مشاہد حسین

اے آر وائی - اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ خطے سے امریکہ کے انخلاء کے بعد پاک چین کردار نہایت اہم ہو جائے گا، کاشغر واقعہ پاک چین دوستی کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے، ہم اپنی سرزمین کو کسی دوست اور ہمسایہ ملک کیخلاف منفی سرگرمیوں کیلئے استعمال نہیں ہونے دیں گے، پاک چین دوستی کا موازنہ امریکہ کے ساتھ نہیں کیا جا سکتا۔



جمعہ کو پاک چین دوستی انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام پاک چین تعلقات پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کاشغر میں دہشت گردی کا واقعہ ہونا اور اس کے بعد پاکستان پر انگلی اٹھایا جانا پاک چین تعلقات کو خراب کرنے کا پروپیگنڈا ہے موجودہ اقتصادی اور معاشی صورتحال کے پیش نظر پاک چین دوستی بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہاکہ چین پاکستان پر دباؤ ڈالنے یا مفادات کو نقصان پہنچانے کے حوالے سے کسی بھی مہم کا حصہ نہیں ہے۔ پاک چین دوستی انسٹی ٹیوٹ کے فورم کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان رابطوں کو بڑھانا چاہتے ہیں۔



انہوں نے کہاکہ پاک چین دوستی آج بھی اسی طرح ہے جس طرح پہلے تھی، کاشغر جیسے واقعات سے ہمارے تعلقات متاثر نہیں ہوں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق سیکرٹری خارجہ ریاض کھوکھر نے کہاکہ پاکستان خطے میں کسی قسم کی پرتشدد کارروائی کی مذمت کرتا ہے۔ ڈپلومیسی میڈیا کے ذریعے نہیں بلکہ مذاکرات کی سیریز ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ جو عناصر پاک چین تعلقات کو خراب کرنا چاہتے ہیں دونوں ممالک ان سے آگاہ ہیں۔ تقریب سے کئی دیگر سابق سفارتکاروں سمیت خارجہ امور کے ماہرین نے بھی خطاب کیا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.