7 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:32
پی سی او ججوں کی بے دخلی کا نوٹیفکیشن جاری
اے آر وائی - اسلام آباد : وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے عدالتی حکم پر پانچ پی سی او ججوں کی معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ، وزیر اعطم سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ اداروں میں ٹکراؤ کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔
وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق سپر یم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں لاہورہائیکورٹ کے4 اورسندھ ہائیکورٹ کے ایک جج کو بے دخل کر دیا گیا ہے ، ان ججوں میں لاہورہائیکورٹ کے جسٹس شبررضا،حماد علی،حسنات احمد سجاد حسین جبکہ سندھ ہائیکورٹ کی جسٹس یاسمین عباسی شامل ہیں۔وزیر اعظم کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آزاد عدلیہ کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں اور اداروںکے درمیان ٹکراؤں کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔
یاد رہے کہ اٹھارہ مئی کو سپریم کورٹ نے پی سی او ججوں سے متعلق حکم جاری کیا تھا کہ پی سی او ججز کبھی جج رہے ہی نہیں. عدالت کے بار بار حکم پر بھی حکومت کی جانب سے ججوں کو ڈی نوٹی فائی نہیں کیا گیا ۔ دو روز قبل اس پر از خود نوٹس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے حکومت کو نو اگست تک کی مہلت دی تھی ۔