18 اگست 2011
وقت اشاعت: 4:59
کراچی میں دہشت گردی کا راج، ہلاکتیں35 ہوگئیں
اے آر وائی - کراچی: کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں 20 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ہلاکتوں کی تعداد 35 ہوگئی ہے۔
تازہ واقعے میں شیرشاہ سے چھ اور ماری پور سے دو لاشیں برآمد ہوئی ہیں ۔جبکہ لی مارکیٹ کے علاقے سے تین افراد کی بوری بند لاشیں ملی ہیں، جنھیں تشدد کرکے ہلاک کیا گیا۔ شو مارکیٹ سے بھی ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی۔ گارڈن چڑیا گھر کے قریب سےبھی دو افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں جنہیں اغواء کے بعد تشدد کرکے قتل کیا گیا۔ بلدیہ ٹاؤن سیکٹر انیس ڈی سے تین افراد کی لاشیں بر آمد ہوئیں ،جنھیں اغواء کے بعد فائرنگ کر کے قتل کیا گیا جن میں سے دو کی شناخت لیاقت ظفر اور عظیم اللہ کے نام سے ہوئی۔
پولیس کے مطابق لیاقت ظفر فائر بریگیڈ کے آفیسر ہیں جنھیں رات گئے لیاری کے علاقے میراں ناکہ سے اغواء کیا گیا تھا ۔ سعید آباد اور منگھو پیر کے علاقے میں بھی فائرنگ سے دو افراد ہلاک ہوئے ۔ بلدیہ ٹاؤن سیکٹر فائیو جی میں شادی ہال کے قریب دستی بم سے حملہ کیا گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ رنچھوڑ لائن کے علاقے چونا بھٹی کے قریب دستی بم سے حملہ کیا گیا ۔
اولڈ سٹی ایریا کے مختلف علاقوں میں پولیس کی جانب سے سرچ آپریشن کیا گیا پولیس کی بھاری نفری نے بھیم پورہ اور دیگر علاقوں کا محاصرہ کیا تمام داخلی اور خارجی راستے بند کیئے گئے تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔