18 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:45
لاہورہائیکورٹ: وزیراعظم کے خلاف درخواست پر وفاق کو نوٹس جاری
اے آر وائی - لاہور:لاہورہائیکورٹ نے وزیراعظم پاکستان کے خلاف آئین سے روگردانی کا مقدمہ درج کرانے اور نااہل قرار دینے کی درخواست پر وفاقی حکومت سے آٹھ ستمبر کو جواب طلب کر لیا۔
درخواست گزار اللہ بخش گوندل کے وکیل اے کے ڈوگر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عدالتی فیصلوں پر عمل درآمد نہ کرکے وزیر اعظم آئین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے۔ ان کے ایماء پر نہ صرف عدالتی احکامات پر عمل درآمد میں رکاو ٹیں کھڑی کی گئیں بلکہ عدالتوں کی تضحیک کی کوشش بھی کی گئی لہذا عدالت وزیر اعظم کے خلاف مقدمہ درج کرنے اور انہیں عہدے سے نااہل قرار دینے کے احکامات جاری کرے۔
اے کے ڈوگر کا کہنا تھا کہ عام پاکستانی کو بھی آئین کے آرٹیکل چھ کے تحت غداری کا مقدمہ درج کرانے کا اختیار ہونا چاہیے جس پر جسٹس عمر عطا بندیال نے استفسار کیا کہ کیا ایک عام آدمی کو بھی صدر اور وزیر اعظم کےخلاف مقدمات درج کرانے کا اختیار دیا جاسکتا ہے۔ جس پر اے کے ڈوگر ایڈوکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ ہر پاکستانی کا حق ہے کہ وہ جس وزیر اعظم کو منتخب کرے اس کا محاسبہ بھی کر سکے۔ عدالت نے اے کے ڈوگر ایڈوکیٹ کے دلائل سننے کے بعد وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تفصیلی جواب طلب کرلیا۔