18 اگست 2011
وقت اشاعت: 14:1
آرمی چیف جنرل کیانی کا کرم ایجنسی کا دورہ
اے آر وائی - راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کرم ایجنسی کا دورہ کیا اور کوہ سفید میں آپریشن کے ذریعے علاقے کو شدت پسند وں سے خالی کرانے کے لئے کامیاب آپریشن کرنے پر سکیورٹی فورسز کی کوششوں کو سراہا ۔
مقامی لوگوں کی درخواست پر کئے جانے والے آپریشن میں شدت پسندی ، دہشت گردی ، خودکش حملوں ، اغواءبرائے تاوان اور فرقہ واریت میں ملوث شدت پسندوں کو ہلاک کیا گیا ، اس کامیاب آپریشن سے تھل پارا چنار شاہراہ بحال ہوسکے گی اور علاقے میں امن بحال ہوگا۔
آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے مندن اور مناٹو میں فوجی جوانوں سے بھی تبادلہ خیال کیا اور ان کے بلند حوصلے کو سراہا، انہوں نے نقل مکانی کرنے والے تیس ہزار سے زائد متاثرین کی دیکھ بھال میں انتظامیہ کے کردار کو بھی سراہا ، کور کمانڈر پشاور لیفٹنٹ جنرل آصف یاسین بھی ان کے ہمراہ تھے۔