تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
18 اگست 2011
وقت اشاعت: 14:19

کراچی صورتحال پر الطاف حسین کا گیلانی کو ٹیلی فون

اے آر وائی - اسلام آباد: متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے وزیراعظم پاکستان سید یوسف رضا گیلانی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور کراچی میں بے گناہ شہریوں کے اغواء اور قتل کے واقعات پر گہری تشویش ظاہرکی۔ الطاف حسین نے وزیراعظم سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ لیاری گینگ وار کے دہشت گردوں کی جانب سے نجی کمپنیوں کی بسوں اور دیگرگاڑیوں میں ملازمت کیلئے جانے والے مسافروں کو باقاعدہ شناخت کرکے اغواء کیا جارہا ہے اور گولیاں مارکرقتل کیا جارہا ہے اوراب تک درجنوں افراد دہشت گردوں کی سفاکیت کا نشانہ بن چکے ہیں۔



انہوں نے وزیراعظم سے درخواست کی کہ وہ بے گناہ شہریوں کی جان ومال کے تحفظ اور دہشت گردوں کے خلاف قانونی کارروائی کیلئے اپنا بھرپورکردارادا کریں۔ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کراچی میں بے گناہ شہریوں کے قتل کے واقعات کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ کراچی میں بے گناہ شہریوں کے قتل کے واقعات بڑا ظلم ہے اور شہر میں جو کچھ ہورہا ہے اس پر ہمیں بہت دکھ ہے۔



وزیراعظم نے کہاکہ کچھ لوگ نہیں چاہتے کہ ایم کیوایم اور پیپلزپارٹی اکھٹے چلے لیکن حکومت ان عناصر کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی ۔ انہوں نے الطاف حسین کو یقین دلایا کہ حکومت ، کراچی میں بے گناہ شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کیلئے اپنابھرپورکردار ادا کرے گی اور اس سلسلے میں ان کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران کو ہدایت جاری کی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.