18 اگست 2011
وقت اشاعت: 16:44
جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے گی،منظوروسان
اے آر وائی - صوبائی وزیر داخلہ منظور حسین وسان نے کہا ہے کہ مفاہمت کے نام پر بہت برداشت کرلیا، اب جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے گی اور اس سلسلے میں کسی بھی سیاسی جماعت کو ملحوظ خاطر میں نہیں لایا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ ہاؤس میں وزیر اعلیٰ سندھ کی صدارت میں امن و امان پر اجلاس ہوا ، جس میں کراچی کی صورتحال پر غور کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ جن علاقوں میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات رونما ہونگے وہاں کا ڈی ایس پی اور ایس ایچ او خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی اور شہر میں قیام امن کے لیے تمام وسائل بروئے کارلائے جائینگے۔ جبکہ متاثرہ علاقوں میں مڈ نائٹ آپریشن بھی شروع کیا جائے گا۔
اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ منظور وسان کا کہنا تھا کہ کراچی میں موجود سیاسی جماعتوں کے پاس اسلحے کا ڈھیر ہے اور ان کے پاس اس اسلحے کے استعمال کرنے والے لوگ بھی موجود ہیں ، کراچی میں قیام امن کے لیے مفاہمت کی پالیسی سے بالاتر ہوتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر چاہے کسی بھی جماعت سے ہو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
منظور وسان کا کہنا تھا کہ جہاں سے شہر کا امن تباہ کرنے کی سازشیں ہورہی ہیں ہمیں پتہ ہے اور ان لوگوں اور علاقوں میں کارروائی ہوگی جس کے نتائج جلد عوام دیکھیں گے۔ منظور وسان نے کہا کہ حالیہ تشدد کے واقعات ایک گروپ کے پانچ لوگوں کے قتل کے بعد شروع ہوئے جس نے شہر کے بیشتر حصوں کو اپنے لپیٹ میں لے لیا۔ شہر کے تیس مختلف تھانے ان تشدد کے واقعات کی لپیٹ میں ہیں۔