19 اگست 2011
وقت اشاعت: 14:16
صدر زرداری اور الطاف حسین کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ
اے آر وائی - اسلام آباد : صدرمملکت آصف علی زرداری اورمتحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا جس میں کراچی میں امن وامان کی صورتحال ، دہشت گردی ،بے گناہ شہریوں کے اغواء اورسفاکانہ قتل کے واقعات کی سخت ترین الفاظ میں کی گئی۔
صدرمملکت نے کہاکہ سفاک دہشت گردوں کے ہاتھوں کراچی میں بے گناہ شہریوں کے گلے کاٹنے کا عمل کھلی درندگی ہے اور سفاکیت کا یہ عمل ایم کیوایم اور پیپلزپارٹی کو ایک دوسرے سے دور رکھنے کی گھناونی سازش ہے۔ دہشت گردی اورانتہاءپسندی کی اس سوچ کا ایم کیوایم اور پیپلزپارٹی نے ایک ساتھ مقابلہ نہیں کیا تو یہ سفاک دہشت گرد ہمارے گھروں کو جلادیں گے۔
انہوں نے مزید کہاکہ وزیراعلیٰ سندھ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی جاچکی ہے کہ بدامنی ، اغواء ، بھتہ خوری اور شہریوں کے قتل میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز وتفریق قانونی کارروائی کی جائے اور کراچی کا امن تباہ کرنے والے عناصر کے ساتھ کسی بھی قسم کی رعایت نہ کی جائے۔صدرآصف علی زرداری نے الطاف حسین سے درخواست کی کہ ایم کیوایم وفاقی اورصوبائی حکومت میں دوبارہ شمولیت اختیار کرکے جمہوریت کے فروغ اور عوام کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے پیپلزپارٹی کا ساتھ دے۔
الطاف حسین نے صدرمملکت سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ متحدہ قومی موومنٹ خلوص نیت سے مخلوط حکومت میں شامل رہی اور ہرکڑے وقت میں ایم کیوایم نے حکومت کا بھرپورساتھ دیا لیکن حکومت میں شامل بعض عناصر جرائم پیشہ عناصراورسفاک قاتلوں کی سرپرستی کررہے ہیں اور قتل کی سفاکانہ وارداتوں میں ملوث عناصر کے ساتھ تصاویر کھنچواتے رہے ہیں جس سے دہشت گردوں اور سفاک قاتلوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ،کراچی کے تاجروں سے رابطہ کرکے معلوم کرسکتی ہے کہ بھتہ خوری اور اغواء برائے تاوان کی وارداتوں میں کون سے عناصر ملوث ہیں ؟حکومت کوچاہئے کہ وہ جرائم پیشہ عناصر اور سفاک قاتلوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرے اور لاکھوں مظلوم عوام کی دعائیں لے۔دونوں رہنماؤں نے کراچی میں بے گناہ شہریوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے افراد کے بلند درجات اور سوگوارلواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا ئیں بھی کیں۔