19 اگست 2011
وقت اشاعت: 18:49
کراچی کے حالات پر مایوس نہیں ہونا چاہئے،نثار کھوڑو
اے آر وائی - حیدرآباد: اسپیکر سندھ اسمبلی نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ کراچی کے حالات پر مایوس نہیں ہونا چاہئے جبکہ کراچی میں فوج کو بلانے کا مطالبہ درست نہیں ہے۔ حیدرآباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی اور حیدرآباد کیلئے الگ بلدیاتی نظام کا فیصلہ پیپلز پارٹی کی غلطی تھی اس فیصلے کو عوامی ردعمل کو فوقیت دیتے ہوئے 24 گھنٹے میں تبدیل کیا گیا، اب حالیہ صورتحال میں 1979ء اور 2001ء کے بلدیاتی نظام کے نقائص دور کرکے ایسی ترامیم کی جائیں گی جوکہ مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں ڈرگ مافیا، لینڈ مافیا اور مذہبی شدت پسندی کا رجحان رکھنے والے موجود ہیں جبکہ کراچی میں 1971ء سے2011ء تک جمع ہونے والے ہتھیار استعمال ہورہے ہیں، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے تمام وزراء اور عہدیدار پارٹی پالیسی پر عملدرآمد کے پابند ہیں، انہوں نے کہا کہ سندھ ہمارے ملک کی زرعی معیشت میں بہت اہم حصہ رکھتا ہے، سندھ میں ہونے والی حالیہ ریکارڈ بارشوں نے میرپورخاص، ٹنڈومحمدخان، عمرکوٹ، مٹھی، بدین سمیت دیگر اضلاع میں اہم زرعی پیداوار کو نقصان پہنچایا اور بڑی تعداد میں لوگ متاثر ہوئے ہیں۔