19 اگست 2011
وقت اشاعت: 18:58
صدر سے الطاف حسین کی آئی بی اور ایف آئی اے کیخلاف شکایت
اے آر وائی - اسلام آباد : ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین اور صدر آصف علی زرداری کے درمیان ٹیلی فون پر ہونے والی گفتگو میں انتہائی با خبر ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے صدر آصف علی زرادری سے اس بات اپنی گہری تشویش کااظہار کیا ہے کہ وفاقی وزارت داخلہ کے تحت چلنے والے ادارے انٹیلی جنس بیورو اور ایف آئی اے ایم کیو ایم سے متعلق من گھڑت ، بے بنیاد اور جھوٹی رپورٹس برطانیہ کی حکومت کو فراہم کررہے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ ایم کیو ایم کی اعلیٰ قیادت کو بھی اس کی تفصیلات کا پوری طرح علم ہے۔ گفتگو میں صدر آصف علی زرداری نے اس بات کی تردید کی اور الطاف حسین کو اس بات کا یقین دلایا ہے کہ وہ اسکی پوری تحقیقات کرائینگے اور اس عمل میں پائے جانے والے ذمہ داروں سے سختی سے باز پرس کی جائیگی صدر زرداری نے الطاف حسین کو یقین دلایا کہ اس قسم کے عمل میں شامل افراد کو معاف نہیں کیا جاسکتا۔