20 اگست 2011
وقت اشاعت: 14:49
متاثرین کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،رحمان ملک
اے آر وائی - اسپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا اور وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے بدین میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے گی، بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
بدین میں فہمیدہ مزا اور رحمان ملک نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ ریلیف کیمپوں میں متاثرین کے مسائل سنے۔ اس دوران رحمان ملک کا کہنا تھا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ متاثرین کا جتنا بھی نقصان ہوا ہے ، اس کا ازالہ کیا جا ئے گا۔ ان کاکہنا تھا کہ نقصان کے ازالے کیلئے سروے کرایا جائے گا۔ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت مشکل کی گھڑی میں متاثرین کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ وفاقی حکومت نے فوری طور پر خوراک، ادویات اور خیموں کی فراہمی کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ نادرہ کو ہدایات جاری کردی ہیں کہ متاثرین سیلاب کو وطن کارڈ فراہم کرنے کیلئے فوری طور پر اقدامات کرے۔ اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا نے کہا کہ بدین ضلع کی اٹھارہ لاکھ آبادی کا اسی فیصد حصہ متاث ہوا ہے ۔ اتنی بڑی تباہی زندگی میں نہیں دیکھی گئی۔ متاثرین کیلئے ہر سطح پر مدد کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ ایک ایک متاثرہ شخص کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔صدر اور وزیر اعظم سے رابطے میں ہیں، انہوں نے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے