10 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 15:18
الطاف حسین کی تقریر وقت کاضیاع اورسنگین مذاق تھا،چوھدری نثار
اے آر وائی - قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ الطاف حسین کی تقریر وقت کا ضیاع، سیاسی شعبدہ بازی کی بدترین مثال اور پاکستانی عوام سے ایک سنگین مذاق تھا۔انہوں نے پاکستان کے عوام کے مسائل کے علاوہ ہر مسئلے پر بات کی۔
چوہدری نثار نے کہا کہ انہوں نے اپنی سیاسی زندگی میں کسی پارٹی لیڈر کی ایسی بے ہنگم، بے ربط اور بے مقصد پریس کانفرنس نہیں سنی۔ اس میں کسی قومی یا عوامی مسئلے کا حل پیش کرنا تو درکنار ان کا ذکر تک نہیں کیا گیا۔ اس کے ساتھ ذوالفقار مرزا کے سنگین الزامات پر بھی خاموشی اختیار کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کو دوسری جماعتوں پر ایسے لغو الزامات لگانے کے بجائے اپنی غلطی کا اعتراف کرنا چاہیے تھا اور قوم سے ایک فوجی ڈکٹیٹر کے حکم پر خون کی ہولی کھیلنے پر معافی مانگنی چاہیے تھی۔ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ الطاف حسین کو سوائے ایم کیو ایم کے ہر جماعت میں خامیاں نظر آئیں۔ ان کی تقریر کسی سیاسی لیڈر کے شایان شان نہیں اور جہاں تک اس میں حقائق کا تعلق ہے وہ اس طرح توڑ مروڑ کر پیش کیے گئے جیسے قوم اندھی، گونگی یا بہری ہو۔