17 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 10:8
پاکستان اور افغانستان کے درمیان مکمل ہم آہنگی ہے ،جاوید لودن
اے آر وائی - پاک افغان مشترکہ بریفنگ میں افغانستان کے نائب وزیر خارجہ جاوید لودن نے کہا ہے کہ افغانستان میں پائیدار امن کے لیے پاکستان اور افغانستان کے درمیان مکمل ہم آہنگی موجود ہے۔
دفتر خارجہ اسلام آباد میں سیکریٹری خارجہ سلمان بشیر کے ساتھ مشترکہ پریس بریفنگ میں افغان نائب وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغانستان کی سرزمین سے کسی بھی ملک پرحملہ ناقابل برداشت ہے تاہم پاک افغان سرحد سے متصل افغان صوبوں نورستان اور کنڑ میں ان عناصر کے خلاف بین الاقوامی فوج کی مدد سے لڑائی جاری ہے جو سرحد پار حملے کر رہے ہیں۔
طالبان کے ساتھ امریکا اور دیگر ممالک کے براہ راست مذاکرات کے حوالے سے جاوید لودن نے کہا کہ افغان مفاہمتی عمل افغان عوام کی خواہشات اور پاکستان کے تعاون سے ہی کامیاب ہوسکتا ہے تاہم اس اصول کو سامنے رکھتے ہوئے دوست ممالک کے تعاون کا خیرمقدم کریں گے۔
افغانستان میں موجود پاکستانی مغوی بچوں کی رہائی کے حوالے سے افغان نائب وزیر خارجہ نے اسے انتہائی افسوسناک واقعہ قرار دیتے ہوئے کہ افغان صدر حامد کرزئی ان بچوں کی محفوظ واپسی کے لیے سنجیدہ کوششیں کررہے ہیں۔ سیکریٹری خارجہ سلمان بشیر نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے افغان صدر حامد کرزئی اور وزیر اعظم یوسف رضاگیلانی کے درمیان آئندہ ماہ ملاقات ہوگی۔