23 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 14:12
وسیع المدت پالیسی سے ہی کامیابی ممکن ہے ،گورنرسندھ
اے آر وائی - گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں مل کر اس بات پر اتفاق رائے پیدا کرلیں کہ پاکستان کوچیلنجز سے نکالنے اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے وسیع المدت پالیسی بنائی جائے، اور یہ ہی ایک طریقہ ہے جس سے کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔
گورنر ہاؤس میں میجر جنرل نوئل عزرائیل کھوکھر کی سربراہی میں نیشنل سیکیورٹی اینڈ واٹر کورس کے سو رکنی وفد سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ حکومتوں کی تبدیلی کے ساتھ ساتھ پالیسیاں بھی تبدیل ہوتی رہیں جس کے باعث بیشتر منصوبے ادھورے رہ گئے، جس سے ملک کو بھاری نقصان پہنچا۔ موجودہ معاشی صورتحال میں تجربات کا وقت نہیں لہذا طویل المدت ٹھوس پالیسی ہی ترقی کی ضمانت ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بات قابل تحسین ہے کہ تمام جماعتوں کو اس بات کا احساس ہوگیا ہے کہ جرائم پیشہ افراد نہ صرف ان کی پارٹیوں کے لئے بدنامی کا باعث بنے ہوئے ہیں بلکہ شہر کا امن و امان قائم رکھنے میں بھی رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔