23 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 16:22
پاک سعودی افواج مشقیں رواں ماہ کے آخر میں ہوں گی
اے آر وائی - پاک آرمی اور شاہی سعودی بری فوج کے درمیان تین ہفتے طویل مشترکہ فوجی مشق ”الصمصام ،2011ء“ رواں ماہ کے آخر میں جہلم کے قریب منعقد ہو گی۔ مشترکہ مشق کا مقصد جامع تربیتی پروگرام کے ذریعے مہارت حاصل کرنا اور علوم کا تبادلہ کرنا ہے جس میں یونٹ اور بریگیڈ کی سطح پر مشترکہ تربیت اور ہلکی نوعیت کے تصادم کی کارروائیوں میں اپنائے جانے والے طریقہ ہائے کار کی مشق شامل ہے۔
اس مشق سے دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں حربی صلاحیت میں اضافہ میں مدد ملے گی۔ پاکستان آرمی اور سعودی بری افواج کے درمیان مشترکہ مشق الصمصام 2004ء سے شروع ہوئی تھی جو ہر دو سال بعد منعقد ہوتی ہے۔ اس سلسلے میں پہلی دو مشقیں 2004ء اور 2006ء میں پاکستان میں منعقد ہوئی تھیں اور تیسری مشق 2009ء میں سعودی عرب میں منعقد ہوئی تھی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں برادر ممالک کی افواج کے درمیان مشترکہ فوجی مشقوں کا مقصد موجودہ دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینا اور انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہونا ہے۔