23 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 16:26
سندھ میں متاثرین سیلاب کی تعداد 81 لاکھ ہے ، پی ڈی ایم اے
اے آر وائی - سندھ کی صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)نے کہا ہے کہ صوبہ سندھ میں متاثرین سیلاب کی تعداد 81 لاکھ ہے جن میں سے 28 لاکھ خواتین ہیں۔سندھ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق بارشوں اور اس کے بعد ہلاک ہونے والوں کی تعداد 369 ہوگئی ہے جن میں 90 خواتین اور 89 بچے شامل ہیں۔
سیلاب سے متاثرہ کئی علاقوں میں پانی اب بھی موجود ہے متاثرہ لوگ ٹولیوں میں بکھرے ہوئے ہیں اور ان کے پاس امداد پہنچانے کیلئے مربوط نظام کی ضرورت ہے۔ امدادی سامان کی ترسیل کیلئے دستیاب زیادہ تر لوگ خود مسائل کا شکار ہیں۔ ان کے مکانات پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں اور اہل خانہ متاثر ہیں۔ اس وقت نفری کی کمی کا بھی سامنا ہے کیونکہ 80لاکھ سے زائد لوگ متاثر ہیں اور امدادی کیمپوں میں متاثرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں ٹھٹھہ، تھرپارکر، ٹنڈو محمد خان میں ملیریا کا مرض پھیل رہا ہے۔