24 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 12:2
سانحہ سیالکوٹ کے مجرموں نے سزاوں کے خلاف اپیل دائر کردی
اے آر وائی - سانحہ سیالکوٹ کے بائیس مجرموں نے سزاوں کے خلاف لاہور ہائی کورٹ مین اپیل دائر کردی ہے ۔ سانحہ سیالکوٹ کے بائیس سزا یافتہ مجرموں میں ڈی پی او وقارچوہان سمیت دس پولیس اہلکاروں نے اپنی اپیلوں میں موقف اختیار کیا ہے کہ وہ سانحہ کے وقت جائے وقوع پر موجود نہیں تھے اس لیے ان کا اس سانحہ سے کوئی تعلق نہیں جبکہ دیگر مجرموں کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا ہے کہ وہ مقتول منیب اور مغیث کے قتل کرنے والے افراد میں شامل نہیں تھے۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت نے انہیں عوامی دباو کی وجہ سے سزا دی جبکہ وہ بے قصور ہیں عدالت ا ن کی سزا کالعدم قرار دے۔ انسداد دہشت گردی عدالت گوجرانوالا نے دونوجوانوں مغیث اور منیب کو سرعام بدترین تشدد کرکے قتل کے الزام میں سات مجرموں کو سزاے موت، چھ کو عمر قید اور ڈی پی او وقار چوہان سمیت دس پولیس اہلکاروں کو پولیس آڈر کے تحت تین تین سال قید کی سزا سنائی۔ جبکہ عدالت نے پانچ افراد کو بے گناہ قرار دے کر بری کردیا تھا۔
منیب اورمغیث کے والدین کے جانب سے بھی پانچ افراد کی بریت کےخلا ف اپیل ہائی کورٹ میں دائر کردی گئی ہے۔ درخواست گزار کا موقف ہے کہ بری ہونے والے پانچوں ملزمان بھی سانحہ سیالکوٹ میں شامل تھے لہذٰا عدالت پانچو ں ملزمان کی بریت کاالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں بھی سزا دے۔