24 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 12:26
مذاکرات سے مسئلہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں،سردار یعقوب
اے آر وائی - صدر آزاد جموں وکشمیر سردار یعقوب نے کہا ہے کہ وقت بہت جلد آنے والا ہے کے ہندوستان خود مسئلہ کشمیر کے حل پرزور دے گا۔ گورنر ہاوَس لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوے سردار یعقوب نے کہا کہ ہندوستان اگر ایشین ٹائیگر بننا چاہتا ہے تو اسے مسئلہ کشمیر حل کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں گمنام قبریں بڑھتی جا رہی ہیں ،عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیمیں نوٹس لیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ نیو دہلی پر جھنڈے لگانے کے جذباتی نعرے لگانے کا وقت نہیں مذاکرات سے مسئلہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں۔ صدر آزاد جموں کشمیر نے کہا کہ پاکستان میں کوئی ٹریننگ کیمپ نہیں، مقبوضہ کشمیر کاجہاد کشمیریوں نے خود شروع کیا، پاکستان کی مداخلت کا الزام جھوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری ہندوستان سے آزادی کے یک نکاتی ایجنڈے پر متفق ہیں، الحاق پاکستان یا خود مختار کشمیر کا فیصلہ بعد کی بات ہے ۔
ان کا کہنا تھاکہ پاکستانی عوام اور افواج پر فخر ہے لاہور سمیت بڑے شہروں کے سرمایہ کار آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کریں تاکہ بے روزگاری ختم ہو۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت کی طرف سے سندھ کے سیلاب متاثرین کے لئے اڑھائی کروڑ روپے وزیراعظم کے فنڈ میں جمع کرا دئے گئے ہیں۔