26 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 6:57
سی آئی اے کے کئی دہشتگرد گروپوں سے تعلقات ہیں،حنا کھر
اے آر وائی - وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ امریکی سی آئی اے کے حقانی نیٹ ورک کے علاوہ اور بھی کئی دہشتگرد گروپوں سے تعلقات ہیں حقانی نیٹ ورک بنانے والا خود امریکا ہے۔ واشنگٹن الزامات کے ذریعے پاکستان کے صبر کا امتحان نہ لے۔
واشنگٹن میں امریکی ٹی وی اور عرب میڈیا کو دئیے گئے انٹرویو میں وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہاکہ اگر امریکی رہنماؤں نے پاکستان کے متعلق متنازع بیانات دینے کا سلسلہ بند نہ کیا تو واشنگٹن سے مذاکرات کے دروازے بند ہوجائینگے اور اسلام آباد دیگر اقدامات کرنے پر مجبور ہوجائیگا۔ ایک سوال پر حنا ربانی کھر نے کہاکہ خارجہ پالیسی کے متعلق بیانات جاری کرنا پاکستان کی پالیسی نہیں تاہم اسے پاکستان کی کمزوری بھی نہ سمجا جائے۔
انہوں نے کہاکہ دہشتگردی پر کنٹرول کرنا کسی اکیلے ملک کا کام نہیں امریکا سے اچھے تعلقات اور تعاون چاہتے ہیں۔ حکومت نے مشکل سے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی عوام کی حمایت حاصل کی تھی۔ تاہم تازہ امریکی بیانات سے وہ حمایت ختم ہونےکا خدشہ ہے۔ حنا ربانی کھر نے کہاکہ پاکستان کو آئے دن دہشتگردی کا سامنا ہے اگر کہیں آئی ایس ائی کا نمبر ملتاہے تو وہیں امریکی سی آئی اے کا نمبر بھی ہوسکتاہے۔