26 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 19:13
رینجرز سندھ کی خصوصی ہیلپ لائن قائم کی جا رہی ہے، کرنل شفیق
اے آر وائی - پاکستان رینجرز سندھ کے کرنل شفیق نیازی نے کہا ہے کہ اگلے تین سے چار روز میں پاکستان رینجرز سندھ کی خصوصی ہیلپ لائن قائم کر دی جائے گی جس پر عوام جرائم پیشہ افراد سے متعلق معلومات اور آپریشن کے دوران سندھ رینجرز سے متعلق شکایات درج کرا سکیں گے۔
رینجرز ہیڈ کوارٹرز کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کرنل شفیق نیازی نے بتایا کہ خصوصی اختیارات ملنے کے بعد رینجرز نے 25 بڑے آپریشن اور خفیہ معلومات کی بنیاد پر 67 چھاپہ مار کارروائیاں کیں جس میں بڑی تعداد میں اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کیا۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز کے بلا امتیاز آپریشن سے شہر کے حالات بہتر ہوئے ہیں۔ کرنل شفیق نیازی نے بتایا کہ صنعت کاروں سے ملاقات کے بعد کراچی کے بڑے صنعتی علاقوں میں اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے اور پولیس کے ساتھ مل کر شہر کے داخلی اور خارجی راستوں کی نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
کرنل شفیق نیازی نے کہا کہ رینجرز کی خصوصی ہیلپ لائن کے قیام کے بعد شہری اس پر جرائم پیشہ افراد سے متعلق معلومات اور آپریشن کے دوران رینجرز سے متعلق اپنی شکایات درج کرا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی ہیلپ لائن پر جرائم پیشہ افراد کے خلاف معلومات فراہم کرنے والوں کے نام صیغہ راز میں رکھے جائیں گے اور یہ معلومات صرف رینجرز تک محدود ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ اب تک 25 بڑے آپریشن کئے گئے ہیں جس میں 900 سے زائد ہتھیار اور 25000 ایمونیشن برآمد کیا گیا جبکہ خفیہ معلومات پر 57 چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران 14 ہزار ایمونیشن اور بڑی مقدار میں منشیات برآمد کی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ کارروائیوں کے دوران حراست میں لئے گئے افراد میں سے 80 افراد کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ اسنیپ چیکنگ کے دوران 128 افغان باشندے بھی گرفتار ہوئے۔ انہوں نے آپریشن کے دوران شہریوں کا رینجرز کے ساتھ تعاون کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں نے ہماری گذارش کو ملحوظ خاطر رکھا اور خواتین اور بچوں نے آپریشن کے دوران رکاوٹ بننے کی بجائے رینجرز کے ساتھ تعاون کیا۔