27 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 16:29
سپریم کورٹ نے سیکریٹری اسٹیبلشمینٹ کو عدالت میں طلب کر لیا
اے آر وائی - چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے صوبوں میں ڈی ایم جی گروپ کے افسران کی تعیناتی کے خلاف درخواستوں کا جواب داخل نہ کرنے پر چاروں صوبوں کے سیکریٹری سروسز ایڈووکیٹ جنرلز اور سیکریٹری اسٹیبلشمینٹ کواٹھائس ستمبر کو عدالت میں طلب کر لیا ہے۔
چیف جسٹس نے عدالت کی حکم عدولی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واضح کیا جائے کہ جواب داخل نہ کرنے پر ان سیکریٹریز کے خلاف کیوں نہ توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ پی سی ایس افسران کی جانب سے صوبوں ں میں سات سو سے زائد ڈی ایم جی افسران کی براہ راست تعیناتی کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے درخواست میں موقف اختیار
کیا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کے اس قدام سے نہ صرف تیس ہزار کے قریب صوبائی افسران کی ترقی متاثر ہوئی بلکہ صوبوں میں وفاقی افسران کی تعیناتی آئین کے بھی منافی ہے۔
گزشتہ تاریخ پر اٹارنی جنرل نے درخواست کا تفصیلی جواب دینے کے لئے مہلت مانگی تھی جس پر انہیں ستائس ستمبر تک جواب داخل کرنے کی مہلت دی گئی تھی مگر اٹارنی جنرل دی گئی مہلت میں جواب داخل کرنے میں ناکام رہے جس کا چیف جسٹس نے سختی سے نوٹس لیتے ہوئے انہیں مزید مہلت دینے سے انکار کر دیا جس کے بعد مقدمے کی سماعت ایک روز کے لئے ملتوی کر دی گئی۔