28 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 7:5
پی آئی اے کی العین جانیوالی پرواز میں خرابی،کراچی میں لینڈنگ
اے آر وائی - قومی ایئرلائن کے طیاروں میں تکنیکی خرابیاں سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ پشاور سے العین جانے والی پرواز کراچی میں اتار لی گئی۔
قومی ایئرلائن کی پرواز پی کے ٹو ڈبل فائیو کو جنریٹر میں خرابی ہونے کی وجہ سے کراچی ایئرپورٹ پر اتارا گیا۔ ذرائع کے مطابق دوران پروازجہاز کے جنریٹر میں خرابی پیداہونے سے لائٹیں بند ہوگئی تھیں ۔جس کے بعد پائلٹ نے کراچی میں کنٹرول ٹاور سے رابطہ کرکے لینڈنگ کی ۔
چوبیس گھنٹوں کے دوران یہ قومی ایئرلائن کی دوسری پرواز ہے جس نے فنی خرابی کی وجہ سے ہنگامی لینڈنگ کی ہے ۔ پی آئی اے انجینئرنگ ذرائع کا کہنا ہےکہ انتظامیہ کو متعدد بار جہازوں کے پرزے خریدنےکےلئے کہا ہے جس پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔ فنی خرابیوں کی وجہ سے قومی ایئرلائن کے تیرہ طیارے گراؤنڈ ہیں جس کی وجہ سے متعدد پروازیں بھی منسوخ کردی جاتی ہیں۔
دوسری جانب جی ایم پی آئی اے سلطان حسن کا کہنا ہے کہ قومی ایئرلائن کے طیاروں میں مینٹیننس کے مسائل نہیں ہیں ۔ کسی فالٹ کی صورت میں لینڈنگ کرائی جاتی ہے ۔ اے آروائی نیوز گفتگوکرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ پشاور سے العین جانے والی پرواز کو فنی خرابی کی وجہ سے کراچی ایئرپورٹ پراتاراگیا۔