28 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 15:29
سیلاب متاثرین کی ضروریات کا تخمینہ لگانے کیلئے اجلاس
اے آر وائی - وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے ایشیائی ترقیاتی بینک اور عالمی بینک کے نمائندگان سے حالیہ طوفانی بارشوں اور متاثرین کی ضروریات کا تخمینہ لگانے سے متعلق وزیر اعلیٰ ہاوٴس میں ایک اجلاس منعقد ہوا۔ سید قائم علی شاہ نے وفد کو بتایا کہ تیز بارشوں کے باعث صوبے بھر میں بہت تباہی ہوئی ہے اور سندھ کے تمام 23 اضلاع میں سے بالخصوص 13 اضلاع بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسی دوران 5.8 ملین سے زائد لوگ بے گھر ہوئے اور 400 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ حالیہ بارشوں کے سبب ایک لاکھ سے زیادہ جانوروں کی اموات بھی ہوئی ہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے ایشین ڈویلپمنٹ بینک اور ورلڈ بینک کے اراکین پر زور دیا کہ وہ اس سلسلے میں اعداد و شمار جمع کرنے اور سروے کا کام جلد از جلد مکمل کریں تاکہ ہنگامی بنیادوں پر متاثرین کی امداد اور بحالی کے عمل کا آغاز کیا جاسکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تیار فصلوں اور زیر کاشت زمینوں کے تباہ ہونے سے صوبے کی معیشت کو بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے جس سے متاثرہ علاقوں میں سماجی و معاشی بدحالی اور بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے۔ اس موقع پر مذکورہ بینکوں کے نمائندوں نے یقین دلایا کہ نقصانات کا تخمینہ لگانے کا کام جلد ہی مکمل کر لیا جائے گا تاکہ اس کے تحت امدادی سرگرمیوں کو حتمی شکل دی جاسکے۔